کراچی:سندھ میں 10 سال کی عمر کے17 سو سے زائد بچوں میں کورونا کی تصدیق ہوگئی، اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے معصوم بچے بھی متاثر ہورہے ہیں،سندھ بھر میں دس سال کی عمر کے 17 سو 12 بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اپنے پیغام میں بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ میں کوروناوائرس کے شکار دس سال کی عمر کے 4 معصوم بچے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ غیر ذمہ داری اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کا نقصان بچوں کو وائرس کی صورت میں ہوا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے اب بھی وقت ہاتھ سے نہیں نکلا، خدارا گھروں پر رہیں اور اپنے بزرگوں اور بچوں کا تحفظ کریں۔ مرتضی وہاب نے کہا کہ بحالت مجبوری گھروں سے نکلیں تو ماسک کا استعمال ضرور کریں، اب صرف احتیاط سے ہی کورونا وباء سے بچا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جتنی زیادہ احتیاط کریں گے اس میں آپ کا اور سب کا فائدہ ہے، کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اس بات کا ثبوت ہیں کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کیا جارہا۔