کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی شدت کے زلزلوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس نے شہریوں میں تشویش اور بے چینی کی فضا قائم کر دی ہے۔
آج صبح 8 بجکر 32 منٹ پر ایک اور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 1اعشاریہ 5 رہی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق یہ زلزلہ زمین کی 10 کلومیٹر گہرائی میں آیا جبکہ اس کا مرکز ملیر کے شمال مغرب میں 7 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھا۔
آج صبح کے اوقات میں یہ تیسرا زلزلہ تھا۔ اس سے قبل 7 بجکر 58 منٹ اور صبح سویرے 4 بجکر 46 منٹ پر بھی ملیر اور گرد و نواح کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اگرچہ ان جھٹکوں کی شدت کم تھی اور کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم مسلسل لرزتے زمین نے مقامی آبادی کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق یکم جون 2025 سے اب تک کراچی میں 32 ہلکی شدت کے زلزلے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ یہ غیر معمولی تسلسل ماہرین ارضیات کے لیے بھی باعثِ تحقیق بن چکا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق زلزلوں کا یہ سلسلہ کسی بڑی فالٹ لائن کی ممکنہ سرگرمی کا عندیہ دے سکتا ہے، تاہم حتمی تجزیے کے لیے تفصیلی جیوفزیکل تحقیق جاری ہے۔
ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ زمین کی سطح کے قریب معمولی زلزلے بعض اوقات کسی بڑی ارضیاتی تبدیلی کا پیش خیمہ ہوتے ہیں تاہم موجودہ صورت حال میں گھبرانے کے بجائے ہوشیار اور باخبر رہنے کی ضرورت ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زلزلے کی صورت میں کھلے مقامات کی طرف نکلیں اور عمارتوں کی چھتوں یا لفٹ کا استعمال نہ کریں۔
محکمہ موسمیات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے عوام کو تسلی دی ہے کہ مسلسل زلزلوں پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔