اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سازش ناکام ہونے پر قوم کو بہت مبارک ہو۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کے خلاف سازش ناکام ہونے پر قوم کو بہت مبارک ہو۔ انہوں نے کہاکہ تین ایجنٹوں نے مل کر حکومت بدلنے کی کوشش کی،ہم نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان چاہتے تو وہ وزیراعظم ہی رہتے لیکن انہوں نے اسمبلیاں توڑنے کا کہا،اب میدان کھلا ہے لگ پتا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم عمران خان کے ساتھ ہے دو تہائی اکثریت لے کر آئیں گے۔
دوسری جانب سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ یا کسی بھی عدالت جائیں اسپیکر کی رولنگ کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا، جب تک عدالت کا فیصلہ آئیگا الیکشن کے دن آچکے ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ سلیکٹڈ اور الیکٹڈ کا طعنہ دینے والوں کی اچکنیں نیکروں میں بدل گئی ہیں، عوام میں جائیں مقابلہ کریں، الیکشن شفاف ہوں گے اور بغیر مشینوں کے ہوں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایک ماہ سے کہہ رہا تھا کہ چیری بلاسم والوں کی اچکنیں نیکریں بنیں گی، خود تو یہ اس قابل نہیں رہ گئے کہ اپنے حلقوں میں جا سکیں یہ جو انہوں نے 18، 18 کروڑ روپے لیا یہ پناہ گاہوں کو دے دیں۔
انہوں نے کہاکہ نئے الیکشن کے لیے میں دو مہینے سے رو رہا ہوں، میں تو ایمرجنسی کی بات کرتا تھا، وزیراعظم نے مسترد کردی،میں نے گورنر راج کی بھی بات کی تھی، سوچ بچار کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ انتخاب کا راستہ اختیار کیا جائے۔
مزید پڑھیں: آج طاقت کے جنون میں مبتلا ایک شخص نے آئین کو پامال کیا، نواز شریف