لاہور: پنجاب حکومت کو کورونا وائرس کے خطرات بڑھنے کے پیش نظر نافذ لاک ڈاؤن میں مزید ایک ہفتہ توسیع کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
اس سلسلے میں پنجاب حکومت کا اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری اعظم سلیمان، سیکرٹری داخلہ مومن آغا اور دیگر نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق لاک ڈاؤن کو صوبے میں مزید 1 ہفتہ بڑھانے کی سفارش کردی گئی۔اس سلسلے میں غور شروع ہوگیا ہے۔
جبکہ اجلاس میں انکشاف ہوا کہ پنجاب میں لاک ڈاؤن بڑھنے کے بعد کیسز میں اضافہ ہوا اور نرمی کرنے سے عوام گھروں سے باہر نکل آئیں ہیں اور اس کے باعث کورونا وائرس پھیلنے کے خطرات مزید بڑھ گئے ہیں۔چینی ماہرین نے حکومتی کمیٹی کو مزید 2ماہ تک اسمارٹ لاک ڈاؤن بڑھانے کی سفارش کی۔
واضح رہے کہ پنجاب کے تمام کمشنرز نے لاک ڈاؤن کو مزید ایک ہفتہ بڑھانے کی تجویز پیش کردی ہے۔ صوبائی حکومت لاک ڈاؤن کو 26 اپریل سے ایک ہفتے کے لئے بڑھانے پر غور کررہی ہے۔اور قوی امید ظاہر کی جارہی ہے کہ لاک ڈاؤن کو مزید ایک ہفتے بڑھا دیا جائے گا۔
اس وقت تقریباً پورے ملک میں لاک ڈاؤن کی صورتحال ہے، اس کے باوجود کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، جبکہ اس بات کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگر لاک ڈاؤن اٹھایا جاتا ہے تو اس کے خطرناک نتائج بر آمد ہوں گے۔