نئی دہلی: بھارت کی مرکزی اپوزیشن پارٹی کانگریس کا کہنا ہے کہ ہم نریندر مودی کی آمریت کا مقابلہ بھارت کی سڑکوں پر کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری پیغام میں کانگریس کے مرکزی رہنما ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ طاقت کے نشے میں دھت مودی حکومت نے لوک سبھا انتخابات سے عین قبل انڈین نیشنل کانگریس کے اکاؤنٹس منجمد کردئیے ہیں۔
ٹوئٹر پیغام میں ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ اکاؤنٹس منجمد کرنا بھارت کی جمہوریت پر شدید حملے کے مترادف ہے۔ بی جے پی نے انتخابات میں استعمال کیلئے غیر قانونی طور پر رقم جمع کی لیکن ہماری کراؤڈ فنڈنگ کی رقم پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
Power drunk Modi Govt has frozen the accounts of the country’s largest Opposition party – the Indian National Congress – just before the Lok Sabha elections.
This is a deep assault on India's Democracy !
The UNCONSTITUTIONAL money collected by the BJP would be utilised by them…
— Mallikarjun Kharge (@kharge) February 16, 2024
انہوں نے کہا کہ میں اس لیے کہتا ہوں کہ بھارت میں آئندہ عام انتخابات نہیں ہوں گے۔ ہماری عدلیہ سے اپیل ہے کہ کثیر جماعتی نظام کو تحفظ مہیا کرے اور بھارت کی جمہوریت بچائے۔ ہم بھی سڑکوں پر نکل کر آمریت کے خلاف جدوجہد کریں گے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر مسلسل تنقید کی جاتی ہے۔ اس سے قبل اپوزیشن رہنما اکھلیش یادو کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کے دوران بھارت سے دہشت گردی کم نہیں ہوئی، نہ ہی بدعنوانی میں کمی آئی۔
گزشتہ برس نومبر کے دوران سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے پریس کانفرنس کے دوران بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک میں 15کروڑ کے فراڈ اور نقصان کے ازالے کیلئے مودی حکومت نے نوٹ بندی کا سہارا لیا۔