حیدر آباد: بھارتی ریاست تلنگانہ میں کانگریس نے امتحانی پرچے آؤٹ ہونے پر کئی نوجوانوں کی خودکشی پر بھرپور احتجاج کیا۔ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں مظاہرے جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کانگریس نے امتحانی پرچے آؤٹ ہونے کی جوڈیشل تحقیقات کیلئے ہائیکورٹ کے حاضر ڈیوٹی جج کی خدمات حاصل کرنے کا مطالبہ کیا۔جن اضلاع میں احتجاج کیا جارہا ہے ان میں بھدرا چلم، محبوب نگر، رنگا ریڈی اور عادل آباد شامل ہیں۔
بھنگ کی کاشت پر پابندی عائد، طالبان کا شرعی سزا کا اعلان
احتجاج کے دوران کانگریس کے کارکنان نے علامتی پتلے بھی نذرِ آتش کیے۔ بھدرا چلم میں احتجاج کی قیادت کرنے والے رکنِ اسمبلی ٹی ویریا کا کہنا ہے کہ مسابقتی امتحانات اور پبلک سروس کمیشن میں امتحان میں پرچے آؤٹ ہونا ہر سال کا معمول بنتا جارہا ہے۔
رکنِ اسمبلی ٹی ویریا نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ، ایمسٹ اور گروپ 1 کے پرچہ جات آؤٹ ہونے پر کئی نوجوانوں نے خودکشی کرلی۔ سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کا کہنا ہے کہ پولیس 2 افراد کو گرفتار کرکے معاملے کے حقیقی ذمہ دار بچانے کی کوشش میں ہے۔
پرچوں کا آؤٹ ہونا بھارتی تعلیمی نظام کیلئے سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ابراہیم پٹنم اسمبلی حلقے میں کانگریس کے احتجاج پر قائدین کو گرفتار کیا گیا۔ کانگریس نے دیگر اضلاع میں بھی بھرپور احتجاج کیا جس کے دوران حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔