نئی دہلی: بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس نے ملک چھوڑ کر باہر جانے والے شہریوں کی تعداد میں اضافے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 604 شہری یومیہ بھارت چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کانگریس کے ترجمان گورو لبھ نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں منگل کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بتانا ہوگا کہ ملک چھوڑ کر جانے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کی وجہ کیا ہے؟
صحافی نے پرنس ہیری کی کتاب کوڑے دان میں پھینک دی
میڈیا گفتگو کے دوران کانگریس رہنما گورولبھ نے کہا کہ وزیر وزیر اعظم نریندر مودی کے مطابق ملک امرت کال ترقیاتی منصوبے سے گزر رہا ہے لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ اس دوران ملک چھوڑنے والے 604یومیہ ہوگئے۔
ترجمان انڈین نیشنل کانگریس نے کہا کہ 2014 میں بھارت میں ملک چھوڑنے والوں کی شرح 354 یومیہ تھی۔ ملک چھوڑنے والوں میں سے 7 ہزار کی سالانہ آمدنی 8 کروڑ سے زائد ہے جبکہ ہمیں ملک چھوڑنے کی 6 بڑی وجوہات پر قابو پانا ہوگا۔
گورو لبھ نے کہا کہ ملک چھوڑنے کی پہلی وجہ بھارت میں بے روزگاری ہے۔ دوسری وجہ مسلسل بگڑتی معاشی صورتحال اور جی ڈی پی کا گر جانا جس کے باعث لوگ بھارت کا پیسہ بھارت کی بجائے بیرونِ ملک میں لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے مطابق 28فیصد سے زائد بھارتی شہری غریب ہیں جبکہ 79فیصد افراد کورونا کے دور میں غریب ہو گئے۔ بین الاقوامی سطح پر بھارت میں قحط میں اضافہ جاری ہے جس پر مودی سرکار کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔