وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کا طلعت حسین کے انتقال پر اظہارِ افسوس

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

طلعت حسین
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سمیت ملک کی مشہور ومعروف شخصیات نے اداکار طلعت حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے معروف اداکار و صداکار طلعت حسین کی وفات پر افسوس اور رنج کا اظہار کیا اور آنجہانی فنکار کی بلندئ درجات کیلئے دعا کی۔ وزیراعظم نے طلعت حسین کے لواحقین سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔

اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ طلعت حسین لیجنڈ اداکار تھے۔ ان کی ڈائیلاگ ڈلیوری کا ایک زمانہ معترف تھا۔ طلعت حسین نے اپنی جاندار اداکاری سے ڈرامے اور فلم کے شائقین کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ طلعت حسین کے انتقال سے جو خلاء پیدا ہوا ہے، وہ کبھی پر نہیں کیاجاسکے گا۔ ٹی وی، تھیٹر، ریڈیو اور فلم کیلئے اداکار طلعت حسین کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی اداکار طلعت حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔مریم نواز نے طلعت حسین کے لواحقین سے بھی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اداکار طلعت حسین کے انتقال پر تعزیت کرنے والے افراد میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری، فیصل جاوید خان، اداکار عدنان صدیقی، ایاز خان، صدر آرٹس کونسل، وفاقی و صوبائی وزراء اور اراکینِ اسمبلی سمیت معروف شخصیات کی بڑی تعداد شامل ہے۔

 

Related Posts