ناروے میں قرآن کی بے حرمتی: وزارتِ خارجہ کی طرف سے مذمت کا تحریری بیان جاری

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ناروے میں قرآن کی بے حرمتی: وزارتِ خارجہ کی طرف سے مذمت کا تحریری بیان جاری
ناروے میں قرآن کی بے حرمتی: وزارتِ خارجہ کی طرف سے مذمت کا تحریری بیان جاری

وزارتِ خارجہ نے ناروے میں قرآنِ پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک تحریری بیان میں ناروے کے حکام سے اسلام مخالف اور نفرت آمیز حملے روکنے کی درخواست کی ہے۔

جاری کردہ بیان میں وزارتِ خارجہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ ناروے حکومت کی طرف سے واقعے میں ملوث اسلام مخالف سرگرمیوں کے ذمہ داروں کے خلاف جلد سے جلد  کارروائی کی جائے گی۔

تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے نفرت کے جذبات اور امتیازی سلوک سمیت اسلاموفوبیا کے رجحان پر گہری تشویش ہے جبکہ مغربی  یورپی ممالک میں مساجد پر حملے کیے جا رہے ہیں۔ 

دفترِ خارجہ بیان کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ اسلام مخالف حملے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید شدید ہو رہے ہیں جبکہ اس بات کا فوری سدِ باب ضروری ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے حملے نہ صرف مسلمانوں کو اپنا نشانہ بنا رہے ہیں بلکہ اس سے روئے زمین پر عالمِ انسانیت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل ناروے میں سیان نامی اسلام مخالف تنظیم کے سربراہ لارس تھارسن نے قرآن پاک کے ایک نسخے کو جلانے کی کوشش کی جس سے ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا۔

کرسچن سینڈ نامی ناروے کے شہر میں 16 نومبر کو ہونے والے اس واقعے میں اسلام مخالف ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سیان (اسٹاپ اسلامائزیشن آف ناروے) کر رہی تھی، تاہم اس دوران پولیس نے قرآن کی بے حرمتی پر ریلی کے شرکاء کو روکا۔

مزید پڑھیں: ناروے میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعے پر عالمی برادری کی شدید مذمت

Related Posts