اسلام آباد: وزیر اطلاعات شبلی فراز نے تعمیرات کی صنعت سے وابستہ افراد پر زور دیاہے کہ وہ اس سال 31دسمبر تک حکومت پاکستان کی تعمیرات کے حوالے سے بنائی گئی نئی پالیسی سے فائدہ اٹھائیں۔
وزیر اطلاعات شبلی فراز اور نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے چیئرمین ریٹائرڈ لیفٹنینٹ جنرل انور علی حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے والے افرا دسے ان کی آمدن کے ذریعے کے بارے میں نہیں پوچھا جائے گا۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ تعمیرات کی صنعت سے متعلق مسائل کے حل کیلئے ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بینکوں سے قرض لے کر اپنا گھر تعمیر کرنے کے خواہشمند ہیں انہیں کم شرح سود پر قرضے دیئے جائیں گے۔تاکہ وہ اپنا گھر تعمیر کروا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پانچ مرلے کے گھروں پر شرح سود پانچ فیصد اور دس مرلے کے گھروں کیلئے سات فیصد ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ سہولت اس لئے دی گئی ہے کہ تاکہ زیادہ سے زیادہ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بینکوں سے کہا ہے کہ وہ تقریباً تین سو تیس ارب روپے تعمیرات کی صنعت کیلئے مختص کریں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔