اسلام آباد: وفاقی حکومت نے معروف صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے منگل کے روز معروف صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جو کینیا جا کر قتل کے واقعے پر تحقیقات اور شواہد اکٹھے کرے گی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئررہنما مولانا عباس انصاری انتقال کر گئے
وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت ڈائریکٹر ایف آئی اے اطہر وحید تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی کریں گے جبکہ ڈپٹی ڈی جی آئی بی عمر شاہد حامد ٹیم کے رکن ہیں۔
تحقیقاتی ٹیم کے اراکین میں آئی ایس آئی سے تعلق رکھنے والے کرنل سعد احمد بھی شامل ہیں۔ وزارتِ داخلہ کی جانب سے تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل سے متعلق نوٹیفکیشن گزشتہ شب جاری کیا گیا۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق تحقیقاتی ٹیم فوری طور پر کینیا کیلئے روانہ ہوگی اور نیروبی میں پاکستان کا ہائی کمیشن تحقیقاتی ٹیم کے دورے کیلئے انتظامات کرے گا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی تشکیل دی گئی تحقیقاتی ٹیم اپنی رپورٹ داخلہ ڈویژن کو جمع کرائے گی۔ اس ضمن میں تحقیقاتی ٹیم کو تفتیش کیلئے دئیے گئے وقت کا ذکر نہیں کیا گیا۔