کراچی میں بڑھتی ہوئی مرغی اور انڈے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو روکنے کیلئے کمشنر کراچی نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے انڈے، مرغی اور مرغی کے گوشت کی ہول سیل خریدوفروخت کا طریقہ کار مقرر کردیا ہے۔ کمشنر کراچی نے اس حوالے سے اہم نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے جو 10 دسمبر سے نافذ العمل ہوگا۔
کمشنر کراچی کے نوٹیفیکیشن کے مطابق بغیر اوپن آکشن خریدوفروخت پر پابندی عائد ہوگی، ہول سیل کا اوپن آکشن صرف نیو سبزی منڈی میں ہوگا۔ کمشنر کراچی کے مطابق اس سے انڈوں اور مرغی کی قیمتوں کو شفاف طریقے سے مقرر کرنے میں مدد ملے گی۔
نوٹیفیکیشن کے تحت مرغی اور انڈوں کی خریدوفروخت کو مارکیٹ کمیٹی کے قواعد و ضوابط سے مشروط کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے جاری کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل شہری انتظامیہ کے افسران کے اندرون سندھ پولٹری فارمز کا انکشاف سامنے آیا،حکومتی رٹ ختم ہو گئی،تاجروں کو لوٹ مار کی کھلی اجازت مل گئی۔
شہرِ قائد میں مرغی 450 روپے کلو کھلے عام فروخت جاری رہی جبکہ عوام کو بیوقوف بنانے کے لیے کمشنر کراچی کے جاری نرخ نامے میں برائلر مرغی کا گوشت صرف 214 روپے کلو درج تھا جو فروخت 400 سے 450 روپے فی کلو کیا جانے لگا۔
مزید پڑھیں: انتظامیہ نے کراچی میں مرغی، گوشت کی قیمتیں آسمان پر پہنچادیں