بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔دورے کے دوران انہوں نے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حماد الخلیفہ، بحرین کی مسلح افواج کے کمانڈر فیلڈ مارشل خلیفہ بن احمد الخلیفہ اور بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے بھی ملاقات کی۔
ملاقاتوں کے دوران فوجی اور سیکورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بحرین کے حکام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ اور علاقائی امن واستحکام کیلئے پاک فوج کی مسلسل کوششوں میں پاکستان کی کامیابی کوسراہا۔
بری فوج کے سربراہ بحرین نیشنل گارڈ کے 27ویں یوم تاسیس میں مہمان خصوصی بھی تھے جہاں گرم جوشی سے ان کا خیر مقدم کیا گیا اور گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔
انہوں نے انسداد دہشتگردی سے متعلق ایک مشق کا مشاہدہ کیا۔بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے فوجی اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں میں بحرین نیشنل گارڈ کو انتہائی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور اس کی تعریف کی۔
سپریم کورٹ نے سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی کو کالعدم قرار دے دیا
بحرین کے شاہ نے دونوں برادر ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں نمایاں کوششیں اور خدمات انجام دینے پر بری فوج کے سربراہ کو ملٹری آرڈر آف بحرین فرسٹ کلاس کا اعزاز بھی عطا کیا۔