راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی ہے۔ جس میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر حالات، یکطرفہ بھارتی اقدامات اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سینئر حریت رہنما سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی نے ساری زندگی کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے لوث جدوجہد جاری رکھی۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر عبدالقیوم نیازی کو یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج کشمیر کاز کے ساتھ پرعزم کھڑی ہے ، پاک فوج کشمیری عوام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی اور خطہ کشمیر کے استحکام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پروزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے آزاد جموں و کشمیر میں سکیورٹی و ترقی کیلئے پاک فوج کے کردار کی تعریف کی۔
یہ بھی پڑھیں : انعام بٹ نے ورلڈ بیچ ریسلنگ میں یوکرین کے ریسلر کو شکست دے گولڈ میڈل جیت لیا