کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سمندری طوفان کراچی سے 470 کلومیٹر کی دوری پر موجود ہے، عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے کہا کہ سمندری طوفان بیپر جوائے کے پیشِ نطر ساحلی پٹی سے عوام کو منتقل کرنے کا عمل رات بھر جاری تھا۔ 40 ہزار 800 میں سے 8 ہزار 800 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔
نیب نے بشریٰ بی بی کو کرپشن کیس میں آج طلب کر لیا
بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کیٹی بندر کی 13000 کی آبادی کو سمندری طوفان سے خطرہ ہے، 3000 افراد کو رات کے وقت محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔ گھوڑا باڑی کی 5000 کی آبادی خطرے میں ہے۔
وزیرا علیٰ سندھ نے کہا کہ گھوڑا باڑی سے 100 افراد کو جبکہ شہید فاضل راہو کے 3000افراد کو منتقل کیا گیا ہے، جہاں کل 4000 افراد کو خطرہ ہے۔ بدین میں ڈھائی ہزار افراد خطرے میں ہیں۔ 540 محفوظ مقام پر منتقل کردئیے گئے۔
سیّد مراد علی شاہ نے کہا کہ شاہ بندر کے 5000افراد کو طوفان سے خطرہ ہے، یہاں سے 90 جبکہ جاتی کے 10 ہزار میں سے 100 کو رات گئے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ لوگ گھر چھوڑنا نہیں چاہتے لیکن محفوظ مقام پر منتقلی کے سوا چارہ نہیں۔