کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے سندھ کے شہر دادو میں پیسوں کیلئے کم عمر بچیوں کی شادیوں کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دادو کے خان محمد ملا گوٹھ میں رقم کے عوض 45 کمسن لڑکیوں کی شادی پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کمشنر حیدر آباد تمام معاملات کی وجوہات سے آگاہ کریں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ کمشنر سماجی ، معاشی اور قانونی اسباب پر روشنی ڈالیں۔ کمیٹی تشکیل دیں اور خان محمد ملا گوٹھ میں تفصیلی انکوائری کے بعد رپورٹ پیش کریں۔
کمشنر حیدر آباد کو ہدایات دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے سوال کیا کہ کیا بیاہی گئی لڑکیاں سیلاب متاثرین کے خاندانوں سے تعلق رکھتی ہیں؟ اگر ہاں تو ان کی کتنی امداد ہوئی؟ نو بیاہتا لڑکیوں کا اس وقت کیا حال ہے؟ ہر پہلو پر رپورٹ دی جائے۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ ہر پہلو کی رپورٹ دیں تاکہ لڑکیوں کی کمسنی میں شادی کا سدِ باب کیا جاسکے۔ کمشنر حیدر آباد انکوائری رپورٹ میں اپنی سفارشات بھی پیش کریں کہ ان کی رائے میں صورتحال کا تدارک کیا ہے؟