حیدرآباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
سیکریٹری یونیورسٹیز محمد ریاض الدین کے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر فتح محمد برفت کی جگہ بدین ضلع کے پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کو وائس چانسلر بنادیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یونیورسٹیزکے قانون (ترمیمی) ایکٹ 2018 ء کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کو قائمقام وائس چانسلر کا چارج دیدیا ہے۔
ڈاکٹر فتح محمد برفت اس وقت سندھ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی تحقیقات کا سامنا کررہے ہیں،محکمہ اینٹی نے کرپشن 730 ملین روپے کی کرپشن کی تحقیقات میں وائس چانسلر سمیت سندھ یونیورسٹی کے 68 ملازمین کو نامزد کیا ہے۔
ڈاکٹر فتح محمد برفت اور دیگر ملزمان نے ضمانت حاصل کرلی ہے تاہم چیئرمین اینٹی کرپشن نے اس معاملے کی تحقیقات کے لئے مشترکہ ٹیم تشکیل دی ہے۔
ڈاکٹر فتح محمد برفت نے 17 جنوری 2017 کو سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حیثیت سے چارج سنبھالا تھااور چار سال کی مدت ملازمت کے بعد 15 جنوری 2021 کو رخصت ہونا تھا۔
مزید پڑھیں:لاک ڈاؤن ختم، پاکستان کے تمام صوبوں میں تعلیمی ادارے آج سے کھول دئیے گئے