فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں 14سالہ لڑکی سے مبینہ طور پر زیادتی کی گئی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز نے فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں 14سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ الائیڈ ہسپتال کے ملازم نے 14سالہ مریضہ سے مبینہ زیادتی کی تھی۔
الائیڈ ہسپتال کے ملازم نے 14سالہ مریضہ کو بے ہوش کرکے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزم احسان واقعے کے بعد فرار ہوگیا، واقعے کا مقدمہ متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ سول لائن میں درج کرلیا گیا ہے، جو افغان آباد کی رہائشی ہے۔
مدعی مقدمہ نازیہ نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں کہا کہ میرے شوہر کا واقف کار احسان الائیڈ ہسپتال میں ملازم ہے جس نے یہ جرم کیا۔ ملزم نے 14سالہ بیمار بیٹی نور فاطمہ کو ٹیسٹ کروانے کے بہانے ہسپتال بلا کر لیبر روم میں لے جا کر زیادتی کی۔
خاتون کا کہنا ہے کہ ملزم نے میری 14سالہ بیٹی کو انجکشن لگا کر بے ہوش کردیا اور پھر زیادتی کی۔ لیبر روم سے کافی دیر تک واپس نہ آنے پر میں کمرے میں گئی تو ملزم کو بچی سے زیادتی کرتے ہوئے دیکھا جو مجھے دیکھ کر فرار ہوگیا ہے۔