اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جاری کردہ ایس او پیز پر موثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے، تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں کورونا وباء سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکومت کی جانب سے احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات پر بات چیت کی گئی، اس دوران وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جاری کردہ ایس او پیز پر موثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے چاند رات اور عید پر شہریوں سے سماجی فاصلے کوبرقرار رکھنے کی اپیل کی گئی، عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے، شہریوں کو بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کاخاتمہ کب ہوگا؟کوئی حتمی رائے نہیں دے سکتا،اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، کورونا کے خلاف جنگ صبر وتحمل اور دور اندیشی سے لڑ رہے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ زندہ قومیں آزمائش میں ہی بہتر راستے نکالتی ہیں، شہریوں کواپنی ذمہ داری فرض سمجھ کر نبھانی چاہیے۔
ٹرانسپورٹ او رٹرین چلنے سے معاشی سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں لیکن احتیاط بہت ضروری ہے، کورونا کی وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام کا تعاون بے حد اہمیت کاحامل ہے۔
شہریوں کی جانب سے ایس او پیز پرعملدرآمد کرنے سے ہی حکومتی کوششیں بار آور ثابت ہوں گی، اجتماعی طو رپر اپنا طرز زندگی اور سوچ کو بدلنا ہوگا۔
اس دوران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کورونا کی روک تھام کے لئے کئے جانے والے اقدامات اورعلاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں وزیر اعلیٰ پنجاب کوآگاہ کیا-