وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف نااہلی کا فیصلہ دینے والے الیکشن کمیشن کا سیاسی کردار ناقابلِ قبول ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف اس نے فیصلہ دیا جس کو فیصلہ دینے کا اختیار ہی نہیں۔
عمران خان کی نااہلی کیخلاف درخواست کی سماعت آج ہوگی
بیان میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی طرح عمران خان کی نااہلی چاہتی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کا سیاسی کردار قبول نہیں کیاجاسکتا۔
خیال رہے کہ آج عدالت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نااہل کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرنے سے متعلق تحریکِ انصاف کی درخواست پر سماعت کرے گی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست کی سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت کریں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو توشہ خانہ ریفرنس کے تحت نااہل قرار دیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں عمران خان نے نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی۔