کراچی:کے الیکٹرک کی جانب سے اضافہ بلنگ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف بپھرے شہری سڑکوں پر نکل آئے، نارتھ کراچی، پاور ہاﺅس چورنگی کے سامنے مرکزی سڑک پر مشتعل افراد کا احتجاج۔ مظاہرین ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے۔
مظاہرین کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے جن میں خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ مظاہرین مطالبہ کر رہے تھے کہ اوور بلنگ اور اضافی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بند کی جائے۔
مظاہرے کے باعث سڑک کوٹریفک کے لیے بند کردیا گیاتھا، جبکہ موقع پرپولیس کی نفری موجود تھی ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک مقررہ اوقات پر عمل نہیں کرتی اور کسی بھی وقت دن میں متعددمرتبہ بجلی بند کردی جاتی ہے۔
مظاہرین نے بتایا کہ نیپرا اور حکومت کی ملی بھگت سے صارفین کو زائد بل بھیجے جا رہے ہیں۔ خواتین مظاہرین نے بتایا کہ نیپرا نے بھاری رشوت وصول کر کے کے الیکٹرک کو لوٹ مار کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔
مظاہرین کے مطابق میڈیا سب بتا رہا ہے پھر بھی حکمران کوئی ایکشن نہیں لے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو دوبارہ دونوں سڑکیں بند کر کے مطالبات کی منظوری تک کیمپ لگا کر احتجاج ہوگا، جس کی تمام ذمہ داری اعلیٰ حکام پر عائد ہوگی۔