محبت اور جرم سے بھرپور سیٹاڈل ہنی بنی کا سنسنی خیز ٹیزر ریلیز کردیا گیا ہے۔ ایمازون پرائم کی سیریز سیٹاڈل کے انڈین چیپٹر میں بالی ووڈ ہیرو ورون دھون اور سمانتھا دھوم مچانے کیلئے تیار ہوگئے۔
اب سے صرف 1 گھنٹہ قبل ریلیز کیے گئے ٹیزر کو 60 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ تعداد ہزاروں سے بڑھ کر لاکھوں اور پھر کروڑوں تک بھی جاسکتی ہے۔ یوٹیوب کے 6 ہزار صارفین نے صرف 1 گھنٹے میں ٹیزر پر اپنی پسندیدگی کا اظہار کردیا۔
ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ راج اور ڈی کے دو ایسے افراد ہیں جو آپس میں طویل عرصے سے محبت کرتے ہیں لیکن ہاتھوں میں اسلحہ لے کر مخالفین کی سرکوبی کیلئے تن من دھن کی بازی لگا دیتے ہیں۔ ہیرو اور ہیروئن دونوں ہی ہتھیاروں کے استعمال میں ماہر ہیں۔
ایمازون پرائم ویڈیو کا کہنا ہے کہ محبت اور جرم و سزا کی رنگین و سنگین کہانی سیٹاڈل ہنی بنی کی کاسٹ میں ورون دھون، سمانتھا، کے کے مینن، سمرن، ثاقب سلیم، سکندر کھیر، سوہم مجمودار، شیونکت پریہار اور کاشوی مجمودار شامل ہیں۔
ماضی میں اداکار ورون دھون اور سمانتھا دونوں ہی متعدد ہٹ فلمز میں زبردست ایکشن، اداکاری، رقص اور جمناسٹک کے مظاہرے کرچکے ہیں۔ ورون دھون کو بدلہ پور، کلنک، نواب زادے اور دل والے جبکہ سمانتھا کو اِک دیوانہ تھا، جبردست اور جانو جیسی فلمز میں دیکھا گیا ہے۔