بیجنگ: کورونا وائرس وبائی بیماری کی وجہ سے چینی صدر شی جن پنگ کا متوقع دورہ پاکستان ملتوی کرکے اس سال کے آخر میں دوبارہ طے کیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر یاؤ جِنگ نے کہا کہ دونوں حکومتیں دورے کی نئی تاریخ کو حتمی شکل دینے کے لئے کام کر رہی ہیں جس کا جلد اعلان کیا جائے گا۔
سفیر نے کہا کہ صدر شی جن پنگ وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کریں گے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں دوست ممالک کے مابین دوطرفہ شراکت مستقبل میں مزید مستحکم ہوگی
چینی سفیر یاؤ جِنگ کا کہنا ہے کہ چینی کاروباری برادری دوسرے شعبوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کے زراعت کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اقتصادی راہداری کے حوالے سے خطرات سے آگاہ ہیں اور مل کر ان پر قابو پالیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے دونوں ممالک کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔
مزید پڑھیں: چین کا بھارت کو انتباہ، دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ کشیدگی بڑھ گئی