بیجنگ:چینی صدر شی جن پنگ نے ایک مرتبہ پھر اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کردیا،انہوں نے کہا کہ چین مشترکہ مستقبل کیلئے پاکستان کیساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔
واضح رہے کہ اس عزم کا اظہار چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے پاکستانی ہم منصب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیجے گئے اپنے خصوصی خط میں کیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین علاقائی امن وترقی کی رفتار برقرار رکھنے کیلئے کام کر رہے ہیں، چین علاقے کے ملکوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے کیلئے پاکستان کیساتھ تعاون کیلئے تیار ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ چین اور پاکستان ناصرف اچھے دوست ہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان اسپیشل دوستی ہے۔ سی پیک دونوں ملکوں کے درمیان تذویراتی تعاون اور شراکت داری کی اعلیٰ مثال ہے۔
چینی صدر نے سی پیک پولیٹیکل پارٹیز کے مشترکہ مشاورتی میکانزم کی دوسری کانفرنس کے موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے لکھے گئے مبارکباد کے خصوصی خط کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاک چین تعلقات اور سی پیک پر آپ کے بھرپور تعاون اور حمایت کا عکاس ہے۔
چین پاکستان کیساتھ‘’چین پاکستان کمیونٹی آف شیئرڈ فیوچر”کی بنیاد مستحکم کرنے اور مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے کام کرنے کے لئے تیار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی سیاسی جماعتوں کے مابین دوستانہ مشاورت کا عمل مستقل بنیادوں پر جاری ہے۔
صدر شی جن پنگ کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کیخلاف عالمی کوششوں نے یہ ثابت کیا کہ باہمی تعاون ہی اس وبا کو شکست دینے کا واحد راستہ تھا۔