کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر کا جواب دیتے ہوئے ان پر طنز کے نشتر برسا دیئے، انہوں نے کہا کہ یہ بڑوں کی لڑائی میں بچوں کا کوئی کام نہیں ہے۔
کراچی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ایک شخص کل چیخ چیخ کر اپنی شکست اور ناکامی کا ماتم کر رہا تھا۔ ابھی تو ایک ہی جلسہ ہوا ہے ا اور وہ گھبرانا شروع ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ آگے آگے دیکھو کیا ہوتا ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ تقریر کے ایک ایک لفظ سے، آپ کی حرکات وسکنات سے آپ کا خوف جھلک رہا تھا۔ یہ عوام کی طاقت کا خوف ہے جو ٹیلی وژن کی اسکرین پر تمام قوم نے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی جلسے سے سلیکٹڈ وزیر اعظم اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے۔ ہم جانتے ہیں آپ دباؤ اور پریشر میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پریشر کو کیسے ہینڈل کرنا ہے؟ یہ کام نواز شریف سے ہی سیکھ لو۔ تم 126 دن دھرنے میں بیٹھے رہے لیکن نواز شریف نے ایک دن پریشر نہیں لیا تھا۔ نواز شریف نے دھرنے کے دوران تمہارا نام تک نہیں لیا تھا۔ تم کس خوشی میں اچھل رہے ہو، تمہارا نام تو کسی نے نہیں لیا، مریم نواز نے کہا کہ تم ایک تنخواہ دار ملازم ہو۔ اس لڑائی میں تمہارا کام نہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کا نہ نام لینا پسند کرتی ہوں، نہ اسے وزیراعظم مانتی ہوں اور نہ ان کی جعلی حکومت کو تسلیم کرتی ہوں۔ گزشتہ روز انہوں نے شاید میرا مذاق اڑانے کیلئے مجھے کہا کہ میں ان کیلئے بچوں کی طرح ہوں لیکن میں نانی بن چکی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نانی ماں کی بھی ماں ہوتی ہے لیکن آپ نے اس خوبصورت رشتے کی بھی تحضیک کی۔ میں عمران خان کے الزام کے الزام کا جواب دینا بھی توہین سمجھتی ہوں۔ مجھے کہا کہ بچی ہے لیکن نانی بن چکی ہے۔ میں شکر ادا کرتی ہوں کہ میں ایک نہیں بلکہ دو بچوں کی نانی ہوں۔ یہ رشتے ان کو ملتے ہیں جو رشتے نبھانا اور رشتوں کا احترام جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف اور کلثوم نواز کی بیٹی ہوں۔ مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری مجھے بیٹی سمجھتے ہیں، بلاول بھٹو مجھے بڑی بہن کی طرح عزت دیتا ہے۔ ہم پاکستانی عوام کا مقدمہ لڑنے آئے ہیں، جب الیکشن آئے گا تو ہم ایک دوسرے کے حریف بھی ہونگے۔
انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاول وعدہ کریں، ہم مخالفت میں کبھی اتنے آگے نہیں جائیں گے، ہم انتخابی میدان میں لڑیں گے لیکن ایک دوسرے کی عزت کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ اگر غداری، غداری کھیلنا ہے تو فارن فنڈنگ کیس سے تمہیں پتا چل جائے گا۔ فارن فنڈنگ کیس میں اس کی چوری پکڑی گئی ہے۔ کتنی تقریروں پر پابندی لگاؤ گے، ایک دن یہ زنجیریں ٹوٹیں گی۔