کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں اغوا کے بعد قتل ہونے والے بچے صارم سے زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔ زیادتی کا انکشاف ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ہوا ہے، میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچے سے زیادتی ہوئی اور قتل کے بعد لاش کو ٹینک میں پھینکا گیا۔
ایس ایس پی انیل حیدر کے مطابق نارتھ کراچی کے علاقے میں 7 سالہ صارم 7 جنوری کو مبینہ طور پر اغوا ہوا اور 18 جنوری کو مقتول کی لاش رہائشی اپارٹمنٹ کے واٹر ٹینک سے ملی۔
چین کا فوری انصاف، نومبر میں ہونیوالے جرائم کے مرتکب دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
انیل حیدر نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق صارم کی گردن کی ہڈی ٹوٹی پائی گئی، بچے کو 5 روز قبل گلا دبا کر قتل کیا گیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق صارم کو 12 جنوری کو قتل کرکے لاش ٹینک میں پھینکی گئی۔
ایس ایس پی اے وی سی سی کا مزید کہنا تھا کہ شک کی بنا پر بچے کے قریبی رشتے دار کو حراست میں لے لیا ہے، زیر حراست افراد کا ڈی این اے بھی کرایا جارہا ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد کیس میں مزید پیشرفت ہوسکے گی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ نے صارم سے زیادتی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچے کے جسم پر مختلف زخموں کے نشانات بھی موجود تھے، اب تک کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچے سے زیادتی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ نارتھ کراچی سے لاپتہ ہونے والے 7 سالہ صارم کی لاش 18 جنوری کو رہائشی اپارٹمنٹ کے واٹر ٹینک سے ملی تھی۔