راولپنڈی :وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نالہ لئی منصوبے کا جائزہ لینے کیلئے راولپنڈی کا دورہ کیا، وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا خیر مقدم کیا۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے نالہ لئی کی صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا اور نالہ لئی پر روڈ وے کی تعمیر کے لئے مجوزہ اراضی کا بھی جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو مریڑھ چوک کے قریب ریالٹو پارک میں بریفنگ دی گئی،وزیر اعلیٰ پنجاب نے شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔
دورہ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ نالہ لئی کی تعمیر نو سے سیلاب کے دوران ہونے والی تباہ کاریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
نالہ لئی اور ایکسپریس وے کے پراجیکٹ پر مجموعی طور پر85 ارب روپے لاگت آئے گی،پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہ منصوبے شروع کئے جائیں گے، نالہ لئی روڈ وے پر چار انٹر چینج بنائے جائیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ نالہ لئی پراجیکٹ میں بارش کے پانی کو سیوریج کے پانی سے الگ کرنے کے لئے خصوصی پلانٹ لگائے جائیں گے،نالہ لئی روڈ وے کے بننے سے راولپنڈی اور گرد و نواح کے شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت ہو گی۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی نالہ لئی ایکسپریس وے پروجیکٹ کو سی پیک میں شامل کرنے کا امکان