کراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس کی وجہ سے دکاندار سرکاری نرخوں پر فروخت کرنے سے قاصر ہیں، شہری مہنگائی کی اس نئی لہر سے شدید متاثر ہو رہے ہیں جبکہ رمضان کی آمد کے ساتھ مزید قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سرکاری نرخ کے مطابق زندہ مرغی کی قیمت 420 روپے فی کلو مقرر ہے، مگر بازاروں میں یہ 500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ اسی طرح سرکاری طور پر مرغی کے گوشت کی قیمت 650 روپے فی کلو مقرر ہے لیکن دکاندار اسے 760 روپے فی کلو میں بیچ رہے ہیں۔
مرغی فروشوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ غیر حقیقی ہیں، کیونکہ وہ زندہ مرغی 470 روپے فی کلو خرید رہے ہیں۔ایک دکاندار نے شکوہ کرتے ہوئے کہاکہ جب ہمیں مرغی 470 روپے میں مل رہی ہے تو ہم اسے 420 روپے میں کیسے بیچ سکتے ہیں؟۔
مرغی کے گوشت کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث خریدار شدید مشکلات کا شکار ہیں اور کئی لوگ متبادل سستے ذرائع کی تلاش میں ہیں۔
ایک خاتون خریدار نے گِلہ کرتے ہوئے کہاکہ میں گوشت خریدنے آئی تھی، مگر اب صرف کلیجی ہی خرید سکتی ہوں۔
ایک ماہ قبل مرغی کا گوشت 500 سے 550 روپے فی کلو میں دستیاب تھا لیکن حالیہ ہفتوں میں اس کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مرغی کی قیمت مزید بڑھ سکتی ہے اور 800 روپے فی کلو تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزوں اور قیمتوں میں من مانی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے تاکہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو سستی اور معیاری اشیائے خور و نوش دستیاب ہو سکیں۔