شیوہ: شمالی وزیرستان میں ماڑی پیٹرولیم کمپنی کا چارٹرڈ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں 6افراد جاں بحق جبکہ 8زخمی ہوگئے ہیں۔
ترجمان ماڑی پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ایم آئی 8ہیلی کاپٹر میں 3روسی پائلٹس اور عملے سمیت 14افراد سوار تھے۔ ہیلی کاپٹر شیوہ آئل فیلڈ کے قریب سے اڑان بھرتے ہی تکنیکی پیچیدگی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا۔
ماڑی پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر کو حادثہ انجن فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ واقعے کے بعد تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے۔ زخمیوں کو جائے حادثہ سے سی ایم ایچ تھل پہنچا دیا گیا ہے۔ تھل سے زخمیوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر منتقل کیا جارہا ہے۔
ہیلی کاپٹر میں اڑان بھرتے ہی تکنیکی فالٹ آگیا۔ ترجمان ماڑی پیٹرولیم نے کہا کہ ایمرجنسی لینڈنگ کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کا ٹیل روٹر زمین سے ٹکرا گیا۔ حادثے کا علاقے میں سکیورٹی صورتحال یا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔
حادثے کے بعد پاک فوج اور دیگر اداروں کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان ماڑی پیٹرولیم کا مزید کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر شیوا وزیرستان بلاک میں پرسنل ٹرانسپورٹیشن کی خدمات سرانجام دے رہا تھا۔