اسلام آباد: تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات پر عائد پابندی کی واشگاف الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کو بغیر اطلاع کے ایک کمرے میں بند کیا گیا ہے۔ عمران خان پر کیسز غیر قانونی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عمر ایوب کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سابق وزیراعظم عمران خان کو عدالتوں سے تمام کیسز میں ریلیف ملنے کی توقع ہے۔ بانی پی ٹی آئی پر بنائے گئے تمام کیسز غیر قانونی ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کو ان کی بے گناہی کی سزا دی گئی۔ ہم ایک ہی ایجنڈے کیلئے متحرک ہیں کہ عمران خان سے جیل میں ملاقات ہوسکے، بشریٰ بی بی کو ایک کمرے میں بند کردیا گیا۔ عمران خان سے ملاقات کیلئے 10پٹیشنز کی تھیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری عمران خان سے ملاقات ہمیشہ سخت سکیورٹی میں ہوئی، آج عمران خان سے ملاقات کیلئے گئے تو کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔ جیل انتظامیہ نے آگہی دی کہ 2ہفتوں کیلئے عمران خان سے کوئی بھی ملاقات نہیں کرسکتا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہمارے سامنے یہ بہانہ بنایا گیا کہ پابندی لگانے کی وجہ دہشت گردی کا خدشہ ہے۔ تحریکِ انصاف عمران خان سے ملاقات پر عائد پابندی کی شدید مذمت کرتی ہے۔ عمران خان کو پہلے اٹک اور پھر اڈیالہ جیل میں ڈال دیا گیا۔ وکلاء کو کسی بھی وقت ملاقات کی اجازت ہوتی ہے۔