ڈیرہ غازی خان: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ سلیکٹڈ کس قسم کا عذاب لے کر آیا ہے، تاریخی سطح پر مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔ خان صاحب روٹی بھی چھین رہے ہیں، مکان بھی چھین رہے ہیں، اور روزگار بھی چھین رہے ہیں۔
ڈیرہ غازی خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں عوام تکلیف میں ہیں ہر شہری پریشان ہے۔ یہ کون سا نیا پاکستان ہم پر مسلط کردیا گیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کے دور حکومت میں خواتین کے لیے انقلابی پروگرام شروع کیے گئے۔ صدر زرداری کے دور میں روزگار کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے گئے تھے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں گندم کی ایکسپورٹ شروع کردی تھی ، کسان کو معاشی فائدہ پہنچ رہا تھا۔ سی پیک کی وجہ سے چاروں صوبوں میں ترقی ہو رہی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے جانے کے بعد خطہ کے عوام لاراوث ہو گئے ہیں۔ عوام کے لیے کوئی بولنے والا نہیں ہے، کوئی مسائل پر بولنے والا نہیں ہے۔ عمران خان نے آپ کی جیب پر ڈاکا مارا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ نے 20 ہزار لوگوں کو بے روزگار کردیا ہے۔ خان صاحب نے نوکریوں اور گھروں کا وعدہ کیا تھا۔ یہ لوگ انکروچمنٹ کے نام پر غریبوں کے سروں سے چھت چھین رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی چیمبر نے سندھ حکومت سے کاروباری پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ کردیا