کراچی:ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین قومی اسمبلی اپنے خصوصی فنڈز سے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں بوسیدہ اور ناکارہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کروارہے ہیں۔
چیئرمین بلدیہ وسطی محمد ریحان ہاشمی نے یونین کمیٹی نمبر 29 فیڈرل بی ایریا بلاک 16 کا دورہ کیا اور علاقے میں جاری سڑک کی مرمت و استر کاری کے کام کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر یونین کمیٹی نمبر 29 کے چیئرمین سید فرید حسین، یونین کمیٹی نمبر 26 کے وائس چیئرمین سید عارف رضا شاہ اور متعلقہ یوسی پینل کے افراد بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چیئرمین ریحان ہاشمی نے کہا کہ منتخب بلدیاتی نمائندے عوامی خدمت کی فراہمی اور ضلع وسطی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے شب و زور کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی کے بیشتر ترقیاتی کام کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی نااہلی اور اپنے کام کو بر وقت نہ کرنے کی وجہ سے تاخیر کا شکا ر ہورہے ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین قومی اسمبلی اپنے خصوصی فنڈز سے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں بوسیدہ اور ناکارہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کروارہے ہیں تاکہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی اور درستگی کے بعد ضلع میں نئی سڑکوں کا جال بچھایا جاسکے۔
چیئرمین ریحان ہاشمی نے سٹرک کی تعمیر کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ کے افسران کو ہدایت کی کہ سٹرک کی تعمیر میں استعمال کیا جانے والے میٹریل کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ پختہ اور پائیدار سڑکوں کی تعمیر ممکن ہو اور علاقہ مکین ان سڑکوں سے لمبے عرصے تک استفادہ حاصل کرسکیں۔
علاقہ مکینوں نے چیئرمین ریحان ہاشمی کا سڑک کی تعمیر کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریحان ہاشمی کے مثبت اقدامات سے یوسی 29کے رہائشی بہت خوش ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ بلدیہ وسطی کی جانب سے مزید بہتری کے کام سرانجام دئیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: غیر قانونی تعمیرات میں ملوث چیئرمین ریلوے سوسائٹیز کا مبینہ فرنٹ مین گرفتار ہوگیا