شیرشاہ پولیس کی حالیہ کارکردگی قابل دید و قابل داد ہے۔ امن و امان کے قیام کیلئے شبانہ روزکاوشوں کو قدر نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ سے عوام اور پولیس کے درمیان خلیج ختم ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام شیرشاہ کے امیر مولانا عظیم اللہ عثمان نے گزشتہ دنوں شیرشاہ قبرستان میں ناکہ لگاکر ویڈیو بناتے ہوئے عوام کو لوٹنے اور لسانی نفرت کا اظہار کرنے والے ڈاکوؤں کے پورے گینگ کو ایس ایچ او شیرشاہ اور انکی ٹیم کی جانب سے کوئیک رسپانس کرتے ہوئے گرفتار کرنے پر تھانہ شیرشاہ میں حوصلہ افزائی کی تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
حکومت کا جمعے کو یوم تقدس قرآن منانے کا اعلان
اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے اختر گل یوسفزئی، حسن بلوچ، سنی تحریک کے عمران قادری، سلامتی نیوز کے چیف ایڈیٹر شہزاد بٹ سمیت معززین علاقہ محمد اکرم، چوہدری آصف شبیر، مفتی انعام اللہ ودیگر موجود تھے۔
ان رہنماؤں نے تھانہ شیرشاہ میں SHO تھانہ شیرشاہ عتیق اللہ آفریدی، SIO ارشد تنولی، سب انسپکٹر محبوب تنولی، ہیڈ کانسٹیبل چوہدری قیصر شبیر اور انکی پوری ٹیم کی جانب سے شیرشاہ پولیس کی جانب سے چند گھنٹوں میں خطرناک اور مطلوب گروہ کو گرفتار کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔
اس موقع پر مولانا عظیم اللہ عثمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے محافظ ادارے پولیس کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ کمیونٹی پولیسنگ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کیساتھ ساتھ انکی کارکردگی مزید اجاگر ہوتی ہے۔ سندھ پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو عوام کی جان و مال کے تحفظ میں قربان ہوگئے۔
پولیس کے محکمے میں خامیوں کی نشاندہی کیساتھ حسن کارکردگی کوبھی سراہا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علمائے اسلام عوام دوست کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔
اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ شیرشاہ عتیق اللہ آفریدی نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ کا فروغ خوش آئند ہے۔ پولیس کی کارکردگی کو عوامی سطح پر سراہا جانا نیک شگون ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل سے ہمارے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔ میں تمام اہل شیرشاہ کا تہ دل سے مشکور ہوں کہ جنہوں نے ہماری حوصلہ افزائی کی اور پولیس اہلکاروں کی جوانمردی کو خوب انداز میں سراہا۔