اسلام آباد: ملک بھر میں تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا، اس حوالے سے وفاق اور صوبوں نے 15 ستمبر سے یونیورسٹیز اور کالجز کھولنے پر اتفاق کر لیاہے جبکہ تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق حتمی منظوری نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر دے گا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت وزارت تعلیم میں الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس ضمن میں تمام صوبوں نے تعلیمی سرگرمیاں مرحلہ وار شروع کرنے پر اتفاق کرلیا ہے، 15 ستمبر سے یونیورسٹیز اور کالج کے ساتھ ساتھ نویں اور دسویں جماعت کی کلاسز کا آغاز کردیا جائے گا۔
اس کے علاوہ دوسرے مرحلے میں 22 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت اور 30 ستمبر کو پری پرائمری اور پرائمری کلاسز کھول دی جائیں گی۔وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیاہے۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزرائے اعلیٰ شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزراء، معاونین، سول اور عسکری اداروں کے حکام شریک ہوں گے۔ کورونا کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، این سی او سی کورونا کے اعدادوشمار پر بریفنگ دے گی۔
ذرائع کے مطابق تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق صوبائی حکومتوں کی تجاویز کا جائزہ بھی لیا جائے گا، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود تجاویز اور ایس او پیز پر بریفنگ دیں گے، قومی رابطہ کمیٹی تجاویز کی روشنی میں حتمی فیصلہ کرے گی۔