اسلام آباد میں کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن قابضین کی شدید مزاحمت اور احتجاج کے باعث ملتوی کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ڈی جی انفورسمنٹ کی ہدایت پر نیلم کالونی میں لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن کیا گیا جس میں 4 مکان اور 9 ڈی پی سی گرا دی گئی ہیں۔
آپریشن کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹیریٹ نے کی۔ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا۔ اس دوران سرکاری اراضی پر قابض کی جانب سے شدید احتجاج اور آپریشن میں مزاحمت شروع کر دی گئی۔
مزاحمت اور احتجاج کے باعث کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے آپریشن روک دیا۔ ڈی جی انفورسمنٹ کا کہنا تھا کہ آپریشن مزاحمت کی وجہ سے روکا گیا ہے۔ کچھ دن بعد زیادہ فورس کے ساتھ دوبارہ آپریشن شروع کیا جائے گا۔
آپریشن اسلام آباد کے علاقوں موضع پنجگراں اور جیگوٹ میں کیا گیا۔ ان علاقوں میں قابضین نے سی ڈی اے کی سرکاری اراضی پر قبضہ کیا ہوا ہے اور گھر تک بنا لیے ہیں جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ قابضین کے ساتھ سی ڈی اے کا عملہ ملوث ہے۔
ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کے قابضین کے ساتھ ملے ہوئے عملے کی ملی بھگت سے ان زمینوں پر قبضہ ہوا جن سے پیسے لے کر ان کو گھروں کے سرکاری نمبرز تک الاٹ کر دئیے گئے ہیں۔ سی ڈی اے کو ملوث افسران کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: سی ڈی اے کے خلاف پراپرٹی ڈیلرز اور شہریوں کا احتجاجی مظاہرہ