اسلام آباد: نگراں وزیرِ خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ ہم آئی ایم ایف سمیت تمام عالمی معاہدوں پر عملدرآمد کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ماضی میں اسٹیٹ بینک کی پہلی خاتون گورنر اور موجودہ نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے حلف اٹھانے کے فوری بعد وزارتِ خزانہ پہنچ کر ذمہ داریاں سنبھال لیں جہاں انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔
ایک ہفتے کے دوران 32 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں
وزارتِ خزانہ کے سینئر افسران نے ڈاکٹر شمشاد اختر کو مبارکباد پیش کی۔ نگراں وزیرِ خزانہ نے آفس میں کام کا آغاز کردیا ہے۔ آج ہی ان کیلئے رسمی بریفنگ کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں انہیں وزارتِ خزانہ کے جاری امور پر آگہی دی جائے گی۔
ایک موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ شرائط پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ تمام عالمی معاہدوں پر عملدرآمد ہوگا۔ ملک میں امیر اور غریب کا فرق ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔
گفتگو کے دوران نگراں وزیرِ خزانہ نے ملک کی مالیاتی پالیسیوں کی سمت واضح کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مالی نظم و ضبط کو یقینی بنائیں گے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔