میئر اسلام آباد کے الیکشن کیلئے 11 امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں جن میں ن لیگ کے 6 جبکہ پی ٹی آئی کے 4 امیدوار شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میئر اسلام آباد کے انتخاب کے لیے امیدواروں کی طرف سے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی ہے۔ میئر شپ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے 17 امیدواروں میں سے 11 کو الیکشن کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے جب کہ نون لیگ کے ڈپٹی میئر جاوید چوہدری سمیت 4 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں میئر اسلام آباد کی خالی سیٹ کے لیے ہونے والے الیکشن میں 17 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے جن میں مسلم لیگ (ن) کے 10 امیدواروں جن میں چوہدری رفعت، جاوید ملک، وسیم ثناء، سید ظہیر شاہ، سردار مہتاب احمد خان، رفعت عظیم، راجہ وقار ممتاز، پیرعادل، چوہدری اظہر، حاجی گلفراز اور ملک آفتاب شامل ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے 6 امیدواروں نے میئر کی سیٹ کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے جن میں ملک عامر، شیراز کیانی، ملک سجاد، ملک رفیق، احمد خان اور خرم بختیار شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کی طرف سے گزشتہ روز کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی جس کے بعد ن لیگ کی طرف سے میئر شپ کے فیورٹ امیدوار جاوید چوہدری سمیت مزید 3 ن لیگی امیدواروں کے کاغذات مسترد کیے گئے۔
تحریک انصاف کی طرف سے میئر شپ کے لیے جمع کرائے جانے والے 6 امیدواروں میں سے 2 کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کرتے ہوئے 4 امیدواروں کو الیکشن میں حصہ لینے کے لیے اہل قرار دے دیا گیا۔دوسری جانب ڈپٹی میئر چوھدری رفعت کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد چیئرمین یوسی کھنہ وسیم ثناء مسلم لیگ نون کی طرف سے مئیر کے لیے فیورٹ امیدوار کی حیثیت سے سامنے آئے ہیں۔
آج 17 دسمبر کو کاغذات نامزدگی مسترد کرنے پر امیدواروں کی طرف سے اپیلیں دائر کی جائیں گی جن پر فیصلہ کل 18 دسمبر کو کیا جائے گا جبکہ 22 دسمبر کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ 28 دسمبر کو پولنگ ہوگی۔ تاحال کسی بھی پارٹی کی طرف سے کسی بھی امیدوار کو میئر اسلام آباد کے لیے نامزد نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے