جون 2025 کے امتحانی سیشن کے دوران پیپرز لیک ہونے کے معاملے پر کیمرج انٹرنیشنل ایگزامینیشنز ( سی آئی ای) نے متاثرہ طلبہ کے لیے بڑا ریلیف دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ نومبر 2025 کے امتحانات میں بلا معاوضہ دوبارہ امتحان دے سکیں گے۔
یہ فیصلہ سی آئی ای کی جانب سے گزشتہ ماہ اس بات کی تصدیق کے بعد کیا گیا کہ جون سیشن کے چند پرچوں کے حصے امتحان سے قبل افشا ہو چکے تھے۔
اس صورتحال کے پیشِ نظر بورڈ نے فیصلہ کیا تھا کہ متاثرہ سوالات پر طلبہ کو اضافی نمبر دیے جائیں گے تاکہ ان کی محنت ضائع نہ ہو۔
سی آئی ای نے یہ اعلان اپنے سرکاری فیس بک پیج پر کیا، جس میں خاص طور پر ان طلبہ کو مخاطب کیا گیا جو درج ذیل تین متاثرہ پرچوں میں شریک ہوئے تھے جس میں AS اور A لیول میتھمیٹکس پیپر 12، میتھمیٹکس پیپر 42 ،کمپیوٹر سائنس پیپر 22 شامل تھے۔
بورڈ کے مطابق، ان مضامین کے نتائج مقررہ وقت پر ہی جاری کیے جائیں گے تاہم جو طلبہ اس فیصلے سے متاثر ہوئے ہیں، انہیں نومبر 2025 میں دوبارہ امتحان دینے کا موقع مفت میں دیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد امتحانی عمل میں شفافیت اور انصاف کو یقینی بنانا ہے۔
کیمرج انٹرنیشنل ایگزامینیشنز نے اس فیصلے سے طلبہ اور والدین کو اسکولوں کے ذریعے آگاہ کر دیا ہے، اور مزید ہدایات جون 2025 کے نتائج جاری ہونے کے بعد فراہم کی جائیں گی۔ طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ تعلیمی اداروں سے رابطے میں رہیں۔ بورڈ نے اس دوران طلبہ اور ان کے خاندانوں کے صبر اور تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا ہے۔