اسلام آباد:عمران خان کا بطور وزیراعظم عہدہ ختم ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، نگران وزیراعظم کے تقرر تک ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے، 52 رکنی کابینہ بھی تحلیل کر دی گئی۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے عمران خان کو بطور وزیراعظم ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 94 کے تحت صدر مملکت نے وزیراعظم کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم کی تقرری تک عمران خان بطور وزیراعظم کام کر سکتے ہیں، کابینہ ڈویژن نے 25 وفاقی وزرا، 4 وزرائے مملکت 4 مشیروں، 19 معاونین خصوصی کو بھی ڈی نوٹیفائی کر دیا ہے۔
ادھر بنی گالہ میں سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نگران وزیراعظم کے لیے ناموں پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء شریک ہوئے۔
حکومت کی جانب سے نگران وزیراعظم کے لیے نام کل اپوزیشن لیڈر کو بھجوائے جائیں گے۔اجلاس میں نگران وزیراعظم کے لیے ناموں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے خلاف سازش ناکام ہوئی، قوم کو بہت مبارک ہو، سینیٹر فیصل جاوید