اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے حصے کے طور پر وفاقی کابینہ نے دو آرڈیننسز کی منظوری دیدی ہے تاکہ انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔
یہ بات وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کی ۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ایک آرڈیننس کے ذریعے الیکشن کمیشن انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں استعمال کر سکے گا جبکہ دوسرے آرڈیننس سے الیکشن کمیشن کو اختیارات ملیں گے کہ وہ تارکین وطن پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے کے لئے اقدامات کرے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت کی انتخابی اصلاحات 4 حصوں پر مشتمل ہیں جن میں ای وی ایمز، ای ۔ووٹنگ، بائیو میٹرک اور قانون سازی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایمز بنا دی گئی ہیں اور حکومت اس مقصد کیلئے قانون سازی کا ایجنڈا بھی سامنے لائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیومیٹرک اور ای ۔ووٹنگ پر کام جاری ہے۔
این اے 249 کراچی کے ضمنی انتخابات میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی ای سی پی کے فیصلے کے بارے میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حلقے میں دوبارہ گنتی کے بجائے ری پولنگ ہونی چاہئے، کیونکہ جیتنے والے امیدوار کو صرف پانچ فیصد ووٹ ملیں گے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کابینہ نے جیل میں بند قیدیوں کیلئے عیدالفطر کے موقع پر قید میں 90 دن کی تخفیف کی منظوری دی ہے۔ یہ معافی گھناؤنے جرائم کے مرتکب قیدیوں پر لاگو نہیں ہو گی۔
اطلات و نشریات کے وزیر کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو جانشینی سرٹیفکیٹ نادرا کے ذریعے بھی فراہم کئے جا رہے ہیں اس حوالے سے 24 سفارتخانوں میں ڈیسک کھولے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ نے ریلویز میں بولی دینے کیلئے نجی شعبے کو ود ہولڈنگ ٹیکس پر 10 فیصد چھوٹ کی بھی منظوری دیدی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب کا دورہ باہمی اتحاد میں اضافے کیلئے بڑا کردار ادا کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں : جی آئی ایس میپنگ جنگلات کے تحفظ کے لئے اہم اسکیم ہے۔ سیدناصرحسین شاہ