کراچی:وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں لاک ڈاون کے دورانئے میں توسیع موجودہ حالات کے پیش نظر کی گئی ہے۔ ملک کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر کسی بھی طرح کی مہم جوئی نقصان دہ ثابت ہوگی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے پوری دنیا میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی ہے جس کے واضح اثرات تمام ممالک میں محسوس کئے جاسکتے ہیں۔ اس تمام دورانئے میں حکومت سندھ نے اول روز سے ہی جس جامع اور مربوط پالیسی کا نفاذ کیا تھا اس سے نہایت حوصلہ افزا اور مثبت نتائج بر آمد ہوئے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اس وقت ملک میں ایک بے یقینی کی فضا پیدا ہوگئی ہے، جس میں ہر شخص معاشی اور کاروباری طور پر فکر مند نظر آتا ہے۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ملکی معیشت کا پہیہ چلتا رہنا بے حد ضروری ہے لیکن اگر کاروبار انسانی جانوں کی قیمت پر ہو تو اس کی سندھ حکومت اجازت نہیں دے سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے عدالت عالیہ اور وفاقی حکومت کی وضع کرد ہ گائیڈ لائنز کے تحت کاروباری و سماجی سرگرمیوں کی مشروط اجازت دی ہے لیکن اس بات کی امید کرتے ہیں کہ اس رعایت کا بے جا فائدہ نہیں اٹھایا جائے گا۔
جب تک اس وبا کا ملک سے مکمل طور پر خاتمہ نہیں ہوجاتا، ہم سب کو حد درجہ احتیاط کی ضرورت ہے۔ آنے والے دنوں میں اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ کون کون سے شعبہ جات کو مکمل طور پر فعال کردیا جائے مگر اس سے پیشتر کسی بھی قسم کی جلد بازی یا افواہ پھیلانے سے اجتناب کیا جائے۔