تہران: ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آگیا، جس کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق منگل کی شب ایرانی شہر یزد کے قریب پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے ہیں۔ سالارِ کاروان کا کہنا ہے کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک حادثہ یزد میں زائرین کو لے کر جانے والی بس کے بریک فیل ہوجانے کے باعث پیش آیا۔ بس دیوار سے جا ٹکرائی۔ بس میں سوار 53زائرین میں سے بیشتر کا تعلق سندھ کے لاڑکانہ، گھوٹکی اور دیگر شہروں سے ہے۔
ایرانی شہر یزد کے شعبہ ہنگامی صورتحال کے تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر طبا طبائی نے کہا کہ پاکستانی زائرین کی بس منگل کی رات دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی ، جس کے باعث بس میں آگ لگ گئی۔ حادثہ رات کو 9بج کر 54منٹ پر ہوا۔
ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ طبا طبائی نے مزید کہا کہ امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور لاشوں کو بس کے اندر سے نکالا۔ یزد کے خاتم الانبیا ابر کوہ اور شہید بہشتی تفت و شہید رہنمون ہسپتال کو زخمیوں کے علاج کیلئے ہائی الرٹ کیا گیا ہے۔