کراچی میں برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ پر شام 7 بجے سے گاڑیوں کا داخلہ بند کرکے فوڈ اسٹریٹ کو پیدل چلنے والوں کیلئے مخصوص کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا جس کے مطابق 4 روز بعد 10 جنوری سے برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ پیدل چلنے والوں کیلئے مختص ہوگی۔ شاہراہِ لیاقت فریسکو سے کورٹ روڈ تک شام 7 بجے سے بلاک کردی جائے گی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو کے نوٹیفیکیشن کے مطابق آرام باغ سے فریسکو آنے والی ٹریفک ایم اے جناح روڈ اور دائیں طرف پیپلز اسکوائر کی طرف موڑ دی جائے گی۔ فریسکو چوک سے فاطمہ جناح روڈ ویمن کالج تک پیدل چلنے والوں کیلئے مختص رہے گا۔
منسلکہ علاقوں کے رہائشی اسٹیکرز حاصل کرکے گاڑیاں پارک کرسکیں گے جبکہ فوڈ اسٹریٹ آنے والوں کو ویلے پارکنگ کی سہولت دی جائے گی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھی راستہ رکھا جائے گا۔
سڑک کے دونوں اطراف مارکنگ ہوگی تاکہ ہوٹلز کرسیوں کو آگے رکھ کر پیدل چلنے والوں کیلئے مشکلات پیدا نہ کرسکیں جبکہ تمام تر انتظامات شام 7 بجے کے بعد صورتحال معمول پر آنے کے بعد کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا تحفہ، 50 فائر ٹینڈر کراچی پہنچ گئے