کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں رضویہ تھانے کے قریب واقع عمارت آج دوپہر کے وقت گر گئی جس کے ملبے کے نیچے متعدد افراد دب گئے جبکہ ایک خاتون سمیت 13 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گرنے والی عمارت میں کم از کم تین خاندان رہائش پذیر تھے جبکہ عمارت زیادہ پرانی نہ ہونے کے باعث خدشہ ہے کہ عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا ہو۔
رہائشی عمارت گرنے کے باعث اس کے قریب موجود ایک اور عمارت بھی مکمل طور پر ٹیڑھی ہو گئی جس کے گرنے کے خدشات بھی سر اٹھانے لگے۔ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور دبے ہوئے افراد کو بچانے کے لیے موقعے پر پہنچ گئی ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق یہ عمارت دو سال پہلے تعمیر کی گئی تھی۔ عمارت میں نچلی منزل پر ایک کلینک بھی قائم تھا جس پر گورنر اور وزیرِ اعلیٰ سندھ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شہرِ قائد کے علاقے رنچھوڑ لائن میں 6 منزلہ عمارت گرنے کے باعث شہریوں میں خوف و دہشت پھیل گئی، عمارت گرنےسے لاکھوں کا مالی نقصان ہوا۔
رنچھوڑ لائن کی سومرا گلی میں واقع رہائشی عمارت گرنے سے قبل ایک طرف جھک گئی جس کے نتیجے میں فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقعے پر پہنچ گئے اور عمارت کو خالی کروانے کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا گیا۔
مزید پڑھیں: رنچھوڑ لائن میں رہائشی عمارت گرنے کے باعث خوف و ہراس