اسیئول : کوریا کے عالمی شہرت یافتہ ڈانس گروپ بی ٹی ایس نے اپنے مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ بہار 2026 میں نئے البم اور عالمی دورے کے ساتھ دوبارہ موسیقی کی دنیا میں قدم رکھے گی۔
اس اعلان کے بعد دنیا بھر میں ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور سوشل میڈیا پر جوش و خروش کا طوفان برپا ہو گیا۔
یہ مقبول ڈانس گروپ 2022 سے رضاکارانہ طور پر وقفے پر تھا تاکہ اس کے اراکین جنوبی کوریا کے قانون کے مطابق فوجی خدمات ادا کر سکیں۔
کوریا میں 30 سال سے کم عمر تمام مردوں کے لیے فوجی خدمات لازمی ہیں اور شمالی کوریا کے ساتھ جاری کشیدگی کے سبب اس قانون پر سختی سے عملدرآمد کیا جاتا ہے۔
اب جبکہ جماعت کے پانچ اراکین جون 2025 میں فوجی خدمات سے فارغ ہو چکے ہیں، ملکی اور بین الاقوامی موسیقی کے حلقوں میں ان کی واپسی کی توقعات زور پکڑ چکی تھیں۔
گروپ کے رہنما نے اپنے مخصوص مداحوں کے آن لائن پلیٹ فارم پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم جولائی سے کچھ بڑا تخلیق کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اسی ماہ سے ہم سب اکٹھے ہوں گے اور موسیقی کی تیاری پر مکمل توجہ مرکوز کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا نیا جماعتی البم باضابطہ طور پر آئندہ بہار میں جاری کیا جائے گا۔ اور اس کے بعد ہم عالمی دورے پر روانہ ہوں گے، اس لیے دنیا بھر کے شائقین ہم سے ملاقات کے لیے تیار رہیں۔
مزید یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ جماعت کے تمام ساتوں اراکین جولائی میں امریکا روانہ ہوں گے جہاں وہ اکٹھے ہو کر موسیقی کی تیاری کا عمل شروع کریں گے اور آئندہ پرفارمنسز کے لیے تیاری کریں گے۔
اگر ان کا نیا البم بہار 2026 میں جاری ہوتا ہے، تو یہ بی ٹی ایس کا چار برس بعد پہلا مکمل جماعتی البم ہوگا۔ اس سے قبل ان کا آخری البم 2022 میں جاری ہوا جو اُس سال جنوبی کوریا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا البم تھا، جس کی فروخت ساڑھے تین لاکھ سے زائد ریکارڈ کی گئی۔
فوجی خدمات سے قبل یہ ڈانس گروپ جنوبی کوریا کی معیشت میں سالانہ 5.5 کھرب وون کا حصہ ڈالتا رہا ہے جو ملکی مجموعی پیداوار کا تقریباً 0.2 فیصد بنتا ہے۔
بی ٹی ایس نے کئی تاریخی اعزازات بھی اپنے نام کیے، جن میں دنیا کی سب سے زیادہ آن لائن سنی جانے والی موسیقی جماعت بننے کا ریکارڈ اور جنوبی کوریا کی پہلی ایسی ٹیم ہونے کا اعزاز شامل ہے جنہوں نے امریکی موسیقی کے بڑے چارٹوں پر سرفہرست مقام حاصل کیا۔