چین میں کرونا وائرس ہوبائے نامی صوبے کو لپیٹ میں لیتا جا رہا ہے، وہان میں پھنسے ہوئے پاکستانی طلباء نے دیارِ غیر سے حکومت کو پیغام دیا ہے کہ موت آنے سے پہلے ہمیں یہاں سےنکال لیں۔
پاکستانی طلباء کرونا وائرس کے باعث شدید خوف میں مبتلا ہیں جن کا کہنا ہے کہ صوبے کے حالات ہر گزرتے روز کے ساتھ خراب ہو رہے ہیں۔ دیگر ممالک کے شہری اپنے اپنے دیس لوٹ چکے ہیں۔ہم پھنس چکے ہیں۔
ندیم بھٹی اور ندیم عباس نامی پاکستانی طلباء نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وائرس کے باعث ہمارے کمرے الگ الگ کردئیے گئے۔وہان شہر کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔ ایک جگہ سے دوسری جگہ آ جا نہیں سکتے۔
طلباء کا کہنا ہے کہ وہان شہر میں فضائی سفر اور ٹرانسپورٹ کا نظام بند ہے، ہسپتالوں میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد ہزاروں کی تعداد میں داخل ہیں۔ ہر روز وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانچ سو سے زائد طلباء صرف وہان شہر میں ہیں جنہیں نکالنے کے لیے پاکستانی حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کیے۔ دیگر ممالک اپنے شہریوں کو بچانے کے لیے خصوصی پروازیں بھیج کر انہیں لے جا چکے ہیں۔
اپنے پیغام میں پاکستانی طلباء نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ساتھ ملائشیاء، ترکی اور امریکا سمیت دیگر ممالک نے وہان شہر سے اپنے باشندوں کو واپس بلا لیا ہے، لیکن ہماری کوئی مدد نہیں کی گئی۔