آجکل دلہنیں قدرتی لک اور ہلکا میک اپ پسند کرتی ہیں، ھما رضا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Brides nowadays want a natural and softer look: Hima Raza

اچھا میک اپ آپکی پوری شکل بدل سکتا ہے، درست طریقے سے کیا گیا میک اپ کسی بھی انسان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوتا ہے اور اگر آپ کو اچھا میک اپ آرٹسٹ مل جائے تو آپ کی شخصیت کو چار چاند لگادیتا ہے۔

کراچی میں ایسا ہی ایک نام ھما رضا ہے جنہوں نے اپنے فن اور مہارت سے میک اپ کو ایک جدید انداز میں ڈھال دیا ہے،ھما رضا ایک نامور میک آرٹسٹ، بلاگر اور بیوٹی ٹرینر ہیں۔

رنگوں اورچیلنجز سے محبت کرنیوالی ھما رضا کراچی میں آئینہ نامی سیلون چلاتی ہیں۔ہم نے اپنے قارئین کیلئے رنگ و نور کی دنیا کے تازہ ترین رجحانات جاننے کیلئے ھما رضا کے ساتھ ایک نشست کا اہتمام کیا جس کا احوال پیش خدمت ہے۔

1) آپ نے کس سے متاثر ہوکر میک اپ کی فیلڈکا انتخاب کیا ؟
ھما رضا : نبیلہ سے، وہ پاکستان کی مشہور میک اپ آرٹسٹ ہیں،ان سے میں نے سیکھا کہ کس طرح سخت محنت کرکے آپ خود کو منواسکتے ہیں، نبیلہ کا سفر بہت متاثر کن ہے، میں ہر وقت ان کی کتاب پڑھتی ہوں اور ان کے تجربات سے سیکھنے کی کوشش کرتی ہوں۔

2) خشک موسم کے دوران جلد کی نگہداشت کیلئے کیا مشورہ دیں گی ؟
ھما رضا : آج کل خشک موسم کی وجہ سے آپ کی جلد روکھی ہوجاتی ہے لہٰذا خشک مصنوعات سے پرہیز کرنا چاہئے، اپنے روز مرہ کے معمول میں زیتون اور بادام کا تیل شامل کریں۔ اپنے میک اپ میں ہائیڈرٹنگ پرائمر استعمال کریں۔میک اپ لگانے سے پہلے موئسچرائزکریں ، آخر میں سیٹنگ اسپرے کا استعمال کریں لیکن اس میں موئسچرائزر لازمی استعمال کریں ۔

3) میک اپ کرنیوالوں کو رات میں جلد کی حفاظت کیلئے کیا استعمال کرنا چاہیے ؟
ھما رضا : ڈبل کلینزر استعمال کریں ، ناریل یا زیتون کا تیل استعمال کریں ، تیل کی تھوڑی سی مقدار لیں اور اپنے چہرے کو آہستہ سے مساج کریں،پھر اسے ہٹا دیں۔ آخر میں اپنے چہرے کو دھوئیں اور اس کو نم کریں،یہ صحت مند جلد کو برقرار رکھنے میں آپ کی مدد کرے گا۔

4) زیادہ برائٹ میک اپ کے بارے میں پوچھنے والوں کو کیا جواب دیتی ہیں ؟
ھما رضا : بدقسمتی سے ہمارے ہاں سفید رنگت کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے، ہمیں اپنی شکل کو مجموعی طور پر تبدیل کرنے کی بجائے اپنے میک اپ کو مزید بہتر بنانا سیکھنا چاہئے۔ حتیٰ کہ میں اپنے کلائنٹس کو بھی مشورہ دیتی ہوں کہ وہ اپنی جلد کا رنگ تبدیل نہ کریں میں مصنوعی سفیدی کے خلاف ہوں۔

5) کیا آپ جلد کو سفید کرنے والے انجکشن کی حمایت کرتی ہیں؟
ھما رضا : میں خود ایک گہری رنگت کے ساتھ بڑی ہوئی ہوں، مجھے بھوری رنگت کی وجہ سے بہت کچھ سننا اور سہنا پرا لیکن جہاں تک سفیدرنگت کے انجکشن کا تعلق ہے توہمارے پاس ایک قدرتی فارمولا ہے جو آپ کی جلد کی حفاظت بھی کرتا ہے کیونکہ گورے رنگ کے انجکشن سے جلد کا کینسر ہوجاتا ہے۔

6) آپ چکنی اور خشک جلد کیلئے کیاتجویز کریں گی؟
ھما رضا :چکنی جلد کے لئے کبھی بھی زیادہ تیل والی مصنوعات کا استعمال نہ کریں اوراگر آپ کی جلد خشک ہو تو ہائیڈریٹ استعمال کریں اور کریمی فاؤنڈیشن استعمال کریں۔

7) کیا وائپس سے جلد کو نقصان ہوتا ہے؟
ھما رضا : اس پر منحصر ہے کہ آپ کس قسم کی مصنوعات کو استعمال کررہے ہیں۔ اگر آپ چہرے پر وائپس کا استعمال کرتے ہیں تو یہ آپ کی جلد کو نقصان پہنچ سکتا ہے کیونکہ یہ خوشبو دار ہوتاہے جس کا مطلب ہے کہ یہ کیمیکل پر مبنی ہے ، اس سے آپ کی جلد کو نقصان ہوگا۔

8) ایک آسان میک اپ ٹرک جو آپ 5 منٹ میں کرسکتے ہیں؟
ھما رضا : جی ہاں ، میک اپ پانچ منٹ کے اندر ہوسکتا ہے۔
اپنا منہ دھو ئیں۔
بی بی کریم لگائیں۔
لپ اسٹک لگائیں۔
آنکھوں میں کاجل ڈال دیں۔بس آپ تیار ہیں۔

9) آپ کا پسندیدہ مقامی برانڈ کون سا ہے؟
ھما رضا : میرا پسندیدہ برانڈ مسرت مصباح ہے۔ مجھے ان کی مصنوعات خصوصاًفاؤنڈیشن بہت پسند ہے۔

10) آج کل دلہنوں کے میک اپ میں کون سا رجحان ہے؟
ھما رضا : آجکل دلہنیں قدرتی لک اور ہلکا میک اپ پسند کرتی ہیں،انہیں جلد ، ہونٹ اور آنکھوں میں بہت ڈرامائی میک اپ کی ضرورت نہیں ہوتی۔ نرم لائٹ ہونٹوں کے ساتھ چمکدار آنکھوں کا میک اپ آج کل ٹرینڈ کررہا ہے۔

Related Posts