حیدرآباد میں ایک غیر معمولی واقعے کے دوران سات سالہ بچے نے دو خواتین کی جانب سے گلی میں کھیلنے سے روکنے پر مقامی تھانے پہنچ کر باقاعدہ شکایت درج کرا دی۔
ایاز صدیقی نامی سات سالہ بچہ جو حیدرآباد کے علاقے چُری پاڑہ کا رہائشی ہے، اپنی گلی میں کھیلنے سے روکنے پر اتنا سنجیدہ ہوا کہ اُس نے قانون نافذ کرنے والے ادارے کو اس معاملے میں شامل کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق بچہ سخی پیر تھانے پہنچا اور دو خواتین کے خلاف تحریری شکایت جمع کروائی۔ بچے کا کہنا تھا کہ یہ دونوں عورتیں مجھے گلی میں کھیلنے نہیں دیتیں۔
ایاز نے پولیس کو بتایا کہ رانیا اور مونی نامی خواتین مجھے محلے میں کھیلنے سے روکتی ہیں اور مجھے بھگا دیتی ہیں۔
پولیس نے بچے کی شکایت کو رسمی طور پر رجسٹر کیا اور اسے یقین دہانی کروائی کہ اس کی بات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور مسئلے کا حل نکالا جائے گا۔
پولیس اہلکار نے بچے کو تسلی دیتے ہوئے کہا ہم تمہارے مسئلے کو حل کریں گے۔