پاکستانی باکسر محمد وسیم کی ٹائٹل فائٹ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے 22 جولائی کو شیڈول مقابلے سے قبل ویزا کی درخواست مسترد ہونے کے بعد ملتوی کر دی گئی ہے۔
پاکستانی باکسر اور تین بار ڈبلیو بی سی فلائی ویٹ ورلڈ سلور چیمپئن محمد وسیم کا مقابلہ چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن فلپائن کے ڈونی نائٹس سے ہونا تھا۔
باکسر محمد وسیم کے منیجر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ محمد وسیم کی درخواست میں نقص سامنے آنے پر ان کا دبئی کا ویزا مسترد کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں شامل ایک ہندوستانی لڑکے نے درخواست بھرتے ہوئے غلطی کی جس کی وجہ سے دبئی حکام نے ان کا ویزا مسترد کر دیا۔
انہوں نے ویزا کے لئے دوبارہ کوشش کی ہے اور اس کا انتظار کررہے ہیں، انہیں اگر اگلے 12سے 13گھنٹوں کے دوران ویزا جاری نہیں کیا گیا تو ان کا مقابلہ جولائی کے آخر یا اگست کے شروع تک ملتوی کردیا جائے گا۔
فی الحال، محمد وسیم اسکاٹ لینڈ میں ہیں جہاں انہوں نے اپنے مقابلے کے لئے سخت ٹریننگ حاصل کی ہے۔
اس مقابلے کو دبئی میں قائم ڈسپرپٹ پروموشنز کی حمایت حاصل ہے، جنہوں نے حال ہی میں محمد وسیم کو شامل کیا تھا۔
مزید پڑھیں:پاکستان شاہینز ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گئی
دریں اثنا، محمد وسیم نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ ان کے لیے مایوس کن ہے کہ ان کا مقابلہ ملتوی ہوگیا، انہوں نے کہا کہ میں نے اس مقابلے کے لئے کیمپ میں سخت محنت کی تھی، میرا مقصد پاکستان کے لیے ٹائٹل جیتنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ مقابلہ جلد ہی دوبارہ ترتیب دیا جائے گا۔