ولنگٹن: قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے ٹیسٹ سیریز کے دوران اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کیلئے چھٹی پر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وقار یونس قومی کرکٹ ٹیم اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد گھر پہنچنے کیلئے پاکستان آئیں گے کیونکہ انہوں نے فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کیلئے چھٹی حاصل کی ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد باؤلنگ کوچ لاہور آ کر اہلِ خانہ سے ملاقات کریں گے جبکہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے والد کے انتقال کے بعد کیا۔ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے قرنطینہ سے گزرنے کا مرحلہ وقار یونس کیلئے بڑی مشکل ثابت ہوا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد وقار یونس آسٹریلیا پہنچے تھے تاہم قرنطینہ کے دوران ہی انہیں والد کی طبیعت خراب ہونے کی خبر ملی اور وہ اہلِ خانہ کو ملے بغیر واپس آگئے تاہم اسی دوران وقار یونس کے والد کا انتقال ہوا۔
اگروقار یونس آسٹریلیا چلے جاتے تو 14 روز قرنطینہ ہونا ضروری تھا جس پر وقار یونس کے پاس فیملی کے ہمراہ وقت گزارنے کے فیصلے کے سوا کوئی چارۂ کار نہیں تھا۔ رواں ہفتے وقار یونس کے اہلِ خانہ بھی پاکستان پہنچ جائیں گے۔
بعد ازاں 17 جنوری کو وقار یونس کے اہلِ خانہ آسٹریلیا جائیں گے جبکہ وقار یونس 26 جنوری سے قبل قومی اسکواڈ سے آملیں گے کیونکہ 26 جنوری کو جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز شروع ہوجائے گی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستانی باؤلنگ لیجنڈ وقار یونس کی 49ویں سالگرہ کے موقعے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور وفاقی وزیر اسد عمر نے انہیں مبارکباد پیش کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ ماہ اپنے پیغام میں وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا کہ وقار یونس کرکٹ کے کھیل کے عظیم کھلاڑی ہیں جن کی سالگرہ کے موقعے پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
مزید پڑھیں: باؤلنگ لیجنڈ وقار یونس کی 49ویں سالگرہ، آئی سی سی کی مبارکباد